کراچی (بابر علی اعوان) جنگ گروپ کے زیر اہتمام ایکسپو سینٹر کراچی میں اٹھارویں دی نیوز تعلیمی نمائش 2026کا شاندار آغاز ہوگیا، جہاں شہر کے مختلف علاقوں سے آنے والے طلبا، والدین اور اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ دو روزہ تعلیمی نمائش میں 50سے زائد قومی و بین الاقوامیجامعات، اعلیٰ تعلیمی اداروں اور پیشہ ورانہ تربیتی مراکز نے اپنے اسٹالز لگائے ہیں۔ نمائش کے پہلے روز ہی غیر معمولی جوش و خروش دیکھنے میں آیا اور ہزاروں طلبا مختلف جامعات کے نمائندوں سے داخلوں، اسکالرشپس، ڈگری پروگرامز اور کیریئر کے حوالے سے رہنمائی حاصل کرتے رہے۔ نمائش کا افتتاح سینیٹر سرمد علی نے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا، طلبا اور اداروں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں اور تعلیمی مواقع کے فروغ میں شریک اداروں کی کاوشوں کو سراہا۔ افتتاح کے موقع پر گفتگو میں سینیٹر سرمد علی نے کہا کہ تعلیم نوجوان نسل کے روشن مستقبل اور قومی ترقی کی بنیاد ہے، جبکہ دی نیوز ایجوکیشن ایکسپو طلبا کو ایک ہی چھت تلے اعلیٰ تعلیمی اداروں تک رسائی، درست رہنمائی اور بہتر فیصلے کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ گروپ محض ایک میڈیا ادارہ نہیں بلکہ تعلیم، آگاہی اور نوجوانوں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے بھی اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ نمائش میں زیبسٹ، ہمدرد یونیورسٹی، برٹش کونسل، ہائر ایجوکیشن کمیشن، سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، سہیل یونیورسٹی، الکوثر یونیورسٹی، فاسٹ، یو ایم ٹی، یو آئی ٹی، ڈیننگ، اقرا یونیورسٹی، آئی بی اے سکھر، ڈی ایچ اے صفہ یونیورسٹی، فارمن کرسچن کالج، محمد علی جناح یونیورسٹی، کراچی انسٹیٹیوٹ آف اکنامکس اینڈ ٹیکنالوجی، انڈس یونیورسٹی، فاطمہ بزنس اسکول، دیوان یونیورسٹی سمیت متعدد ممتاز تعلیمی اداروں کے اسٹالز لگائے گئے ہیں۔ نمائش کو طلبا کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی جبکہ شرکاء نے اسے تعلیمی اور پیشہ ورانہ رہنمائی کے حوالے سے انتہائی مفید قرار دیا۔ ایجوکیشن ایکسپو آج (اتوار) بھی جاری رہے گی۔