کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹی ٹوئنٹی ویمنز ورلڈ کپ میں مسلسل تین میچ ہارنے کے بعد پاکستانی ٹیم اپنا چوتھا میچ منگل کو مضبوط آسٹریلین ٹیم کے خلاف کھیلے گی۔ گروپ ایک میں آسٹریلیا کی ٹیم تینوں میچ جیت چکی ہے جبکہ بھارت اور جنوبی افریقا نے تین میچ کھیلے ہیں دو جیتے ایک میں شکست ہوئی ہے۔ جنوبی افریقا نے بھارت کو چھ وکٹ سے شکست دے کر بھارت کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔ بھارت نےسات وکٹ پر 158رنز بنائے اور جنوبی افریقا نے ہدف پانچ گیندیں پہلے پورا کیا۔ ٹورنامنٹ میں پاکستان سفر ختم ہو چکا ہے ۔ 33سالہ سینئر بیٹر عالیہ ریاض سب سے زیادہ تنقید کی زد میں ہیں جو بنگلہ دیش کے خلاف صفر پر آؤٹ ہوئیں اور تین میچوں میں28رنز بنانے کے علاوہ فیلڈنگ میں بھی کیچ ڈراپ کرتی رہیں۔ پاکستان ٹیم کے مینٹور وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ ہم خراب کھیلے اور خود کو شکست دی۔