کراچی(اسٹاف رپورٹر) وفاقی جامعہ اردو، گلشنِ اقبال کیمپس میں جاری انتظامی، مالی اور تعلیمی بحران کے خلاف وفاقی جامعہ اردو طلبہ الائنس کے زیر اہتمام مین ایڈمن بلاک کے سامنے ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ،مظاہرین نے انتظامیہ کو ایک ہفتے کا الٹی میٹم دے دیا۔ احتجاج میں مختلف شعبہ جات کے سینکڑوں طلبہ و طالبات نے شرکت کی اور انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے اساتذہ اور طلبہ کے مسائل کے فوری حل کا مطالبہ کیا۔ مظاہرے میں مختلف طلبہ تنظیموں کے عہدیداران اور نمائندگان نے بھی شرکت کی جن میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (ISO)پختون اسٹوڈنٹس فیڈریشن، آل پاکستان متحدہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن سمیت دیگر طلبہ تنظیمیں شامل تھیں۔ اس کے علاوہ مختلف شعبہ جات کے طلبہ، طالبات، اور یونیورسٹی کے سابق طلبہ نے بھی بھرپور شرکت کی اور موجودہ تعلیمی بحران پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ شرکاء نے اساتذہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کے حقوق کا تحفظ ہی معیاری تعلیم اور طلبہ کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ طلبہ رہنماؤں نے اپنے خطاب میں کہا کہ وفاقی جامعہ اردو اس وقت اپنی تاریخ کے بدترین بحران سے گزر رہی ہے، مگر افسوس کہ *شیخ الجامعہ کی عدم دلچسپی، غیر سنجیدہ رویے اور ناقص انتظامی پالیسیوں*کے باعث مسائل حل ہونے کے بجائے مزید سنگین ہوتے جا رہے ہیں۔