کراچی (اسٹاف رپورٹر) تھانہ جوہر آباد کی حدود، ایف بی ایریا بلاک 14میں واقع فیملی پارک میں لڑکیوں اور بچوں کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے والے چار افراد شہریوں کے ہتھے چڑھ گئے۔ مشتعل علاقہ مکینوں نے ملزمان کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں انہیں پولیس کے حوالے کر دیا۔ زرائع کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب پارک میں موجود شہریوں نے چار مشتبہ افراد کو لڑکیوں اور بچوں کو ہراساں کرتے ہوئے دیکھا، جس پر لوگوں نے انہیں پکڑ لیا۔ شہریوں نے ملزمان کی درگت بنانے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کر دیا۔ پولیس زرائع کا کہنا ہے کہ شہریوں کی مدد سے پکڑے گئے چاروں افراد علاقے میں کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھے۔