• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی اردو یونیورسٹی: اساتذہ اور ضابطہ شنواری انتظامیہ کے مذاکرات پھر ناکام

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وفاقی اردو یونیورسٹی میں اساتذہ اور پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری کی انتظامیہ کے دوران مذاکرات کا دوسرا مرحلہ بھی ناکام ہوگیا۔ اساتذہ کا موقف تھا کہ انتظامیہ 26ماہ کی ہاوس سیلنگ کے بقایاجات ادا کرے تو امتحانات کا بائیکاٹ ختم کرنے کا اعلان کر دیا جائےگا۔ اس کے برعکس انتظامیہ نے موقف اختیار کیا کہ 4 ماہ کی ہاوس سیلنگ ادا کرسکتے ہیں۔ لیکن شرط یہ ہوگی کہ امتحانات کے بائیکاٹ کے خاتمے کا اعلان کیا جائے۔ انجمن اساتذہ عبدالحق کیمپس اور گلشن اقبال کیمپس کے مطابق مذاکرات میں وائس چانسلر کا رویہ آمرانہ ہے۔ وہ کسی وائسرائے کی طرح حکم جاری کرتے ہیں اور بات چیت نہیں کرتے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ مذاکرات کو کامیاب نہیں بنانا چاہیے۔ وائس چانسلر اساتذہ نمایندوں سے نا تو براہ راست بات کرتے ہیں اور نا ہی اپنی انتظامیہ کے نمائندوں کی آرا کو تسلیم کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں وفاقی اردو یونیورسٹی برائے فنون، سائنس و ٹیکنالوجی میں "یومِ استحکام ریلی" کا انعقاد کیا گیا جس میں اساتذہ، طلبہ، افسران اور ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کرتے ہوئے شیخ الجامعہ، عالمی شہرت یافتہ سائنسدان اور ماہرِ تعلیم پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری کے ساتھ بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا۔ ریلی کے شرکاء نے وفاقی اردو یونیورسٹی کو درپیش مالی و انتظامی مسائل کے فوری حل کا مطالبہ کرتے ہوئے صدرِ پاکستان اور جامعہ کے چانسلر آصف علی زرداری سے اپیل کی کہ وہ جامعہ کی موجودہ صورتحال کا نوٹس لیں۔
اہم خبریں سے مزید