• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کنگ چارلس کا 25-2024 کے دوران 1 کروڑ 29 لاکھ پاؤنڈ ٹیکس ادا کرنے کا انکشاف

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

برطانوی شاہ چارلس سوم نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے مالی سال 25-2024 کے دوران مجموعی طور پر 1 کروڑ 29 لاکھ پاؤنڈ ٹیکس ادا کیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق اس انکشاف کے ساتھ شاہ چارلس سوم اپنی ٹیکس ادائیگی کی تفصیلات عوام کے سامنے لانے والے برطانیہ کے پہلے فرمانروا بن گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیکس کی یہ رقم انہیں برطانیہ کے سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والے 100 افراد میں شامل کرتی ہے۔

شاہی خاندان کی سالانہ رپورٹ اور مالیاتی گوشواروں کے مطابق پرنس آف ویلز، شہزادہ ولیم نے بھی اسی مدت کے دوران 77 لاکھ 60 ہزار پاؤنڈ ٹیکس ادا کیا۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کنگ چارلس اور ملکہ کمیلا مستقبل قریب میں بھی کلیرنس ہاؤس میں ہی قیام کریں گے اور بکنگھم پیلس منتقل نہیں ہوں گے۔

مالیاتی دستاویزات کے مطابق شاہی خاندان کی سرکاری مالی معاونت کا بنیادی ذریعہ سوورین گرانٹ ہے، جو مالی سال 28-2027 میں بڑھ کر تقریباً 10 کروڑ پاؤنڈ تک پہنچ جائے گی۔

رپورٹ سے یہ بھی معلوم ہوا کہ کنگ چارلس نے مالی سال 24-2023 میں 1 کروڑ 17 لاکھ پاؤنڈ جبکہ شہزادہ ولیم نے 83 لاکھ 40 ہزار پاؤنڈ ٹیکس ادا کیا تھا۔

کنگ چارلس اور شہزادہ ولیم کی جانب سے اپنی ٹیکس ادائیگیوں کی تفصیلات رضاکارانہ طور پر جاری کرنے کا فیصلہ ان دونوں کی ذاتی خواہش پر کیا گیا۔

بکنگھم پیلس کے مطابق اس اقدام کا مقصد شفافیت کو فروغ دینا اور شاہی خاندان کی جوابدہی سے متعلق عوامی آگاہی میں اضافہ کرنا ہے۔ 

بین الاقوامی خبریں سے مزید