• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے عملے کو شب و روز محنت کرنا ہوگی ،حنیف عباسی

لاہور ( جنرل رپورٹر ) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے یومِ عاشور کے موقع پر مسافروں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور آپریشنل انتظامات کا جائزہ لینے کے لیےگزشتہ روز واشنگ لائنز اور لاہور ریلوے اسٹیشن کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے محمد حفیظ اللہ، ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور انعام اللہ سمیت دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر نے پرنسپل افسران کے ہمراہ واشنگ لائنز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ٹرینوں کی صفائی ستھرائی اور دیگر آپریشنل سہولیات کا جائزہ لیا۔ وفاقی وزیر نے واشنگ لائنز سے ریلوے اسٹیشن تک موٹر ٹرالی کے ذریعے ٹریک کا معائنہ بھی کیا اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے حوالے سے جاری اقدامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ مسافروں کو معیاری اور بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام افسران اور عملے کو شب و روز محنت کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کی بہتری اور ترقی کے لیے کیے گئے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور ریلوے کی تاریخ ساز آمدن اس پیش رفت کا واضح ثبوت ہے۔ پاکستان ریلوے عوام کو محفوظ، آرام دہ اور معیاری سفری سہولیات کی فراہمی کے عزم کے ساتھ اپنی خدمات جاری رکھے ہوئے ہے۔
لاہور سے مزید