ملتان (سٹاف رپورٹر)خواتین یونیورسٹی کا طالبات کی فلاح و بہبود، تحقیق کے فروغ اور جدید تعلیمی نظام کی بہتری کیلئے دماغی صحت و بہبود کے مرکز سمیت چار بڑے منصوبے شروع کرنیکا فیصلہ‘ نمایاں تحقیقی خدمات انجام دینے والی اساتذہ کو خصوصی اعزازات اور مراعات دی جائینگی‘اس حوالے سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول کی زیر صدارت شعبہ جات کے سربراہان کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں تعلیمی ترقی‘ نصابی اصلاحات تحقیقی سرگرمیوں‘ انتظامی معاملات اور طالبات کی فلاح سے متعلق مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اجلاس میں رجسٹرار ڈاکٹر سارہ مصدق، خزانچی ڈاکٹر دیبا شہوار اور کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر حنا علی بھی شریک تھیں‘اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ ویمن یونیورسٹی کو ایک جدید، تحقیق دوست اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ ادارہ بنانے کیلئے مؤثر تعلیمی اصلاحات ناگزیر ہیں‘ انہوں نے موسم گرما کی تعطیلات کے دوران طالبات کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کیلئے تصدیق شدہ مختصر تربیتی کورسز متعارف کرانیکی بھی ہدایت دی تاکہ طالبات عملی میدان میں بہتر مواقع حاصل کر سکیں‘ انہوں نے اعلان کیا کہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے اساتذہ کو تحقیقی امتیازی اعزازات اور معیاری تحقیقی اشاعتوں پر خصوصی مراعات دی جائیں گی، جن میں سماجی علوم اور سائنسی علوم کی الگ الگ کیٹیگریز شامل ہونگی۔اجلاس کے دوران تمام شعبہ جات کے سربراہان نے اپنی کارکردگی، کامیابیوں اور آئندہ منصوبوں پر بریفنگ دی۔