ملتان (سٹاف رپورٹر)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے نشتر ہسپتال ایمرجنسی کا دورہ کیا۔ انہوں نے ایمرجنسی وارڈز کا تفصیلی معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانیوالی طبی سہولیات کا جائزہ ، مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کی اور علاج معالجے‘ ادویات کی دستیابی سمیت دیگر سہولیات بارے دریافت کیا۔اس موقع پر کمشنرنے کہا کہ حکومت پنجاب شہریوں کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے،انہوں نے کہا کہ مریضوں کو ادویات کی بلا تعطل فراہمی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی اولین ترجیح ہے، اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کو فوری طبی امداد، بہترین علاج اور ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔