کراچی (عبدالماجد بھٹی) پاکستان کرکٹ بورڈ نے16ٹیسٹ میں قیادت کرنےوالے شان مسعود کو 963 دن بعد ذمہ داری سے سبکدوش کردیا اور تاج ٹھیک دو سال بعد بابر اعظم کے سر پر سجا دیا ۔ اس کی وجہ پاکستان کی ٹیسٹ میچوں میں مسلسل خراب کارکردگی قرار دی گئی ہے۔ بابر اعظم کپتان کی حیثیت سے تیسری اننگز کھیلنے کو تیار ہیں۔ شان مسعود نے 16میں سے12ٹیسٹ میچ ہارے۔ وہ البتہ بطور کھلاڑی ٹیم کا حصہ ہیں۔ عاقب جاوید نے کہا ہے کہ 3 فارمیٹ ہیں اور آپ کو دیکھنا ہوتا ہے کہ کس فارمیٹ میں آپ کی پرفارمنس کیا ہے ۔ سلیکٹر مصباح الحق نے کہا کہ بابر اعظم نے ون ڈے اور ٹیسٹ میں اپنی پرفارمنس سے خود کو ثابت کیا ہے۔ ہمیں انہیں اعتماد دینا اور دیکھنا ہے کہ کہاں استعمال کرنا ہے۔ بنگلہ دیش کے ہاتھوں دو صفر کی شکست کے بعد شاہین آفریدی، نعمان علی، حسن علی، عماد بٹ اور نسیم شاہ کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔ قومی سلیکٹرز عاقب جاوید، مصباح الحق اور اسد شفیق نے اتوار کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس میں دورہ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کیلئے ٹیسٹ اسکواڈز کا اعلان کیا۔ بابر اعظم قیادت کریں گے۔ ویسٹ انڈیز سے دو ٹیسٹ میچ کی سیریز 25 جولائی سے 6 اگست تک کھیلی جائے گی۔ انگلینڈ کے ساتھ تین ٹیسٹ میچ 19 اگست سے 13 ستمبر تک ہونگے ۔ ویسٹ انڈیز سیریز کیلئے 16 رکنی اور دورئہ انگلینڈ کیلئے 17 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا گیا ہے۔ سعود شکیل کو انگلینڈ سیریز کیلئے 17ویں کھلاڑی کے طور پر شامل کیا گیا۔ ان کی شمولیت فٹنس سے مشروط ہوگی۔ ٹیم میں بابر اعظم (کپتان) ، عامر جمال، عبداللہ فضل، علی عثمان، اذان اویس، امام الحق، خرم شہزاد، محمد عباس، محمد علی، محمد رضوان، محمد اویس ظفر، محمد غازی غوری، ساجد خان، سلمان علی آغا، شان مسعود اور عبید شاہ شامل ہیں، دورئہ انگلینڈ میں سعود شکیل (فٹنس سے مشروط) شامل ہونگے ۔ بائیں ہاتھ کے اسپنر علی عثمان، دائیں ہاتھ کے بیٹر محمد اویس ظفر، دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر عبید شاہ اور وکٹ کیپر بیٹسمین محمد غازی غوری نے اب تک ٹیسٹ ڈیبیو نہیں کیا ہے ۔ پاکستان ویسٹ انڈیز کا پہلا میچ 25 سے 29 جولائی تک تاروبا کی برائن لارا کرکٹ اکیڈمی جبکہ دوسرا ٹیسٹ دو اگست سے پورٹ آف ا سپین، کوئینز پارک اوول میں ہوگا ۔