کراچی(عبدالماجد بھٹی)2023میں آسٹریلیا کے دورے سے قبل بابر اعظم کو ٹیسٹ کی کپتانی سے ہٹانے کا بتایا گیا تو انہوں نے یہ کہہ کر کپتانی چھوڑ دی کہ وہ تینوں فارمیٹ میں کپتانی کرنا چاہتے ہیں ورنہ کپتان نہیں رہیں گے۔ 2023 میں بھارت میں ون ڈے ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کی ناقص کارکردگی کے باعث اُنھیں تینوں فارمیٹس کی کپتانی سے ہٹا دیا گیا تھا۔ 2024 کے ٹی 20 ورلڈ کپ سے پہلے اُنھیں ٹی 20 کپتان بنادیا گیا ۔ ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم امریکہ اور بھارت سے ہاری اور پہلے ہی راؤنڈ میں ایونٹ سے باہر ہو گئی تھی ، بابر کو پھر ہٹا دیا گیا تھا۔ بابر اعظم 20 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں، 10 جیتے اور چھ ہارے ۔ ان کی کپتانی میں پاکستان جنوبی افریقا، زمبابوے، بنگلہ دیش، سری لنکا اور زمبابوے کے خلاف سیریز جیت چکا ہے۔ سری لنکا، نیوزی لینڈ اورویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز ڈرا کیں۔ انہوں نے بطور کپتان چار سنچریاں بنائیں جن میں آسٹریلیا کے خلاف کراچی میں کیریئر بیسٹ196رنز بھی شامل ہیں۔ بابر اعظم کی کپتانی میں پاکستان نے بیرون ملک8 ٹیسٹ زمبابوے، ویسٹ انڈیز ، بنگلہ دیش اور سری لنکا کے خلاف جیتے۔ بابر نے آخری بار جولائی2024میں پاکستان کی کپتانی کی تھی۔