• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مون سون کی آمد سے قبل انسدادِ ڈینگی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے، عمران نذیر

لاہور(جنرل رپورٹر)صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے ہدایت جاری کی ہے کہ مون سون کی آمد سے قبل انسدادِ ڈینگی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے ۔ انہوںنےڈپٹی کمشنر لاہور سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران صحت عامہ، عوامی فلاح، ضلعی انتظامی امور اور طبی سہولیات کی بہتری سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔مون سون سیزن کے پیش نظر موسمی بیماریوں سے بچاؤ کی حکمت عملی کا جائزہ بھی لیا۔صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام کو معیاری، بروقت اور آسان طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مون سون کی آمد سے قبل انسدادِ ڈینگی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے اور تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے، مکمل ہم آہنگی اور ذمہ داری کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔خواجہ عمران نذیر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عوامی خدمت، شفافیت اور شہری مسائل کے بروقت حل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لاہور نے صوبائی وزیر کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے صحت عامہ، صفائی، انسدادِ ڈینگی، محرم الحرام کے انتظامات اور دیگر عوامی فلاحی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بہتر طبی سہولیات اور صحت مند ماحول کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور ضلعی انتظامیہ متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل تعاون اور ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہی ہے۔
لاہور سے مزید