اسلام آباد (اسرار خان) ایندھن کلیئرنس کی خلاف ورزی:پارکو کے بانڈڈ لائسنس منسوخی کی تیاری ، الزامات کا جواب دینے سے گریز؛ ریفائنری نے کسٹمز کے دائرہ اختیار کو ہی چیلنج کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کسٹمز نے سرکاری سرپرستی میں چلنے والی پاک عرب ریفائنری لمیٹڈ (پارکو) کے پبلک بانڈڈ ویئر ہاؤس کا لائسنس منسوخ کرنے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔ کسٹمز حکام نے ریفائنری پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے اربوں روپے مالیت کا ہائی اسپیڈ ڈیزل اور موٹر اسپرٹ (پٹرول) لازمی کلیئرنس دستاویزات کے بغیر غیر قانونی طور پر ریلیز کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس غفلت کے نتیجے میں قومی خزانے کو ڈیوٹیز اور ٹیکسز کی مد میں بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔