کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) ممتاز ماہر معاشیات ڈاکٹر قیصر بنگالی نے جماعت اسلامی ضلع وسطی کے تحت ’’بجٹ کے بعد کی معیشت بہتری کی امید ہے کے موضوع پر لیکچر دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں درحقیقت دو پاکستان ہیں، ایک اشرافیہ کا خوشحال اور دوسرا غریب کا پاکستان،حکمرانوں پر عوام کا منظم دباؤ ہی حالات میں بہتری لا سکتا ہے، معیشت میں ایک اور مراعات یافتہ معیشت نہیں چل سکتی، آج جنگ کی نوعیت بدل چکی ہے، دفاعی اخراجات کو برقرار رکھتے ہوئے غیر دفاعی اخراجات ختم ہونے چاہئیں، کنٹونمنٹ بورڈز ختم کیے جائیں جس طرح پڑوسی ملک نے ختم کر کے میونسپل اداروں کے حوالے کیے، اب ریاست ترقیاتی بجٹ کے بجائے قرض لینے اور قرض اتارنے میں لگی ہوئی ہے، ترقی اور غریبوں کی بہتری اب ریاست کا مقصد نہیں۔