لاہور (محمدصابر اعوان سے ) پاکستان ریلوے لاہور ڈویژن نے مالی سال 2025-26 کے دوران سرکاری اراضی واگزار کرانے، قبضہ مافیا کے خلاف مؤثر کارروائیوں اور لینڈ مینجمنٹ کے ذریعے رتاریخ ساز 3000 ملین روپے کی ریکارڈ آمدن حاصل کر لی ہے، جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں1700ملین زائد ہے۔یہ بات جنگ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے ڈی ایس لاہور ڈویژن انعام اللہ نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال لینڈ ارننگ کی مد میں تقریباً 1 ارب 30کروڑ روپے حاصل ہوئے تھے، جبکہ رواں سال یہ آمدن بڑھ کر 3ارب روپے تک پہنچ گئی، جو لاہور ڈویژن کی تاریخ کی نمایاں کامیابیوں میں سے ایک ہے جس پر وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے ہمیں شاباش دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بادامی باغ سمیت پورے لاہور ڈویژن میں تقریباً 7ارب روپے مالیت کی ریلوے اراضی واگزار کرائی گئی۔ کارروائیوں کے دوران 51.1 ایکڑ کمرشل، 24 مرلہ رہائشی اور 9 ایکڑ زرعی اراضی قبضہ مافیا سے واپس لی گئی، جبکہ واگزار کروائی گئی سرکاری زمین میں سے 34نال اراضی دوبارہ لیز پر دے کر ریلوے کے لیے خاطر خواہ ریونیو بھی حاصل کیا گیا۔ ڈی ایس لاہور کے مطابق ماحول دوست اقدامات کے تحت شاہدرہ سے رائیونڈ تک ریلوے ٹریک کے دونوں اطراف پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (PHA) کے تعاون سے گرین بیلٹ قائم کی جا رہی ہے، جبکہ اس منصوبے پر کوٹ لکھپت ریلوے اسٹیشن کے اطراف عملی کام کا آغاز بھی ہو چکا ہے۔