کراچی(اسٹاف رپورٹر)سابق کپتان شاہد آفریدی کو خیبرپختونخوا چیمپئنز لیگ کے لیے برانڈ ایمبسیڈر مقرر کردیا گیا ہے۔ لیگ کی گرینڈ لانچنگ تقریب 18 جولائی کو پشاور میں ہوگی جس میں سابق اور موجودہ کرکٹرز سمیت حکومتی شخصیات شرکت کریں گی۔ پہلے ایڈیشن میں چھ ٹیمیں حصہ لیں۔شاہد آفریدی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی اپنی لیگ ہونے کی بے حد خوشی ہے، سب مل کر کے پی چیمپئنز لیگ کو کامیاب بنائیں انہوں نے خیبر پختونخوا، خصوصاً پشاور کے عوام اور کرکٹ شائقین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ اس تاریخی تقریب میں شرکت کریں، نوجوان کرکٹرز کی حوصلہ افزائی کریں ۔گرینڈ لانچنگ تقریب میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا، گورنر خیبر پختونخوا، اعلیٰ حکومتی شخصیات، سینئر سرکاری حکام، بزنس کمیونٹی، کارپوریٹ سیکٹر، سرمایہ کار، میڈیا نمائندگان، پاکستان کے سابق و موجودہ بین الاقوامی کرکٹرز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔خیبر پختونخوا چیمپئنز لیگ کے لیگ کمشنر اور سابق کپتان یونس خان بھی اس منصوبے کے اہم ستون کے طور پر تقریب میں شریک ہوں گے۔تقریب کی خاص بات شاندار لائیو میوزیکل کنسرٹ ہوگا، جس میں پاکستان کے معروف فنکار اپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔تقریب کے دوران لیگ کی باقاعدہ تاریخوں کا اعلان کیا جائے گا۔