کراچی( نصر اقبال، اسٹاف رپورٹر) نامور کھلاڑیوں اور آفیشلز پر مشتمل پاکستان ہاکی فیڈریشن کے حالیہ چند فیصلے شائقین اور ماہرین ہاکی کے لئے حیران کن بن گئے، جن پر سوال اٹھنا شروع ہوگئے ہیں، عمان جانے والی قومی خواتین انڈر 21 اور یوتھ انڈر 18 ہاکی 5 اے سائیڈ کے لئے جن ٹیموں کا اعلان کیا گیا اس میں صرف ایک اکیڈمی کی 9کھلاڑیوں کی شمولیت کو حیرت انگیز قرار دیا ہے جبکہ رنز اپ ٹیم سندھ کی دو کھلاڑیوں کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا،پنجاب سے صرف 3 کھلاڑیوں کو جگہ ملی، بعض سابق کھلاڑیوں نے قومی ایونٹ میں پہلی مرتبہ اکڈمیز کی ٹیموں کو شامل کرنے پر بھی حیرانی کا اظہار کیا، انہوں نے ٹیم کے انتخاب کے حوالے سے سوال اٹھایا ہے کہ چیمپئن شپ کا فائنل جمعہ کو ہوا اور قومی ٹیم رات کو عمان روانہ ہوگئی۔ اگر ٹیم کا حتمی انتخاب چیمپئن شپ کی مکمل کارکردگی دیکھنے کے بعد کیا گیا تو اتنے مختصر وقت میں کھلاڑیوں کے پاسپورٹ، ویزے، ٹکٹ اور دیگر سفری انتظامات کیسے مکمل ہوگئے،دوسری جانب پی ایچ ایف کی جانب سے ورلڈ کپ کے لئے قومی ہاکی کیمپ کے لئے جن کھلاڑیوں کا اعلان کیا گیا،ان میں ایک روزبعد ہی چار کھلاڑیوں کو ڈراپ کرنے کے فیصلے کو مذاق قرار دیا جارہا ہے۔