لاہور(خبرنگار)صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور پنجاب، سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے اپنے دورۂ آسٹریلیا کے دوران سڈنی میں پاکستان کے قونصل جنرل قمر زمان سے ملاقات کی، جس میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود، بین المذاہب ہم آہنگی، تعلیم، ڈیجیٹل مہارتوں اور پاکستان و آسٹریلیا کے درمیان دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ، صوبائی وزیر نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں اقلیتی برادری کی ترقی اور بااختیاری کے لیے شروع کیے گئے اہم اقدامات سے آگاہ کیا، ۔ سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ پنجاب حکومت اقلیتوں کو تعلیم، روزگار اور مساوی مواقع کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور یہی وژن دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کر رہا ہے۔ ملاقات کے دوران پاکستانی اقلیتی طلبہ کے لیے آسٹریلوی جامعات میں خصوصی اسکالرشپس اور تعلیمی کوٹہ حاصل کرنے کے امکانات پر بھی غور کیا گیا، جبکہ ڈیجیٹل لٹریسی، تعلیم اور معاشی بااختیاری کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔