ملتان (سٹاف رپورٹر)میپکو ریجن کے مختلف علاقوں میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کارروائیاں جاری‘ لاکھوں روپے کی ریکوری‘ متعدد بجلی چوروں کے کنکشنز منقطع۔ میٹرز اور تار اُتارلئے گئے۔میپکو کی جانب سے بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف خصوصی مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔ مختلف اضلاع میں ڈسکوز سپورٹ یونٹس اور متعلقہ آپریشن ٹیموں نے رینجرز اور پولیس کے تعاون سے کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے بجلی چوری کی روک تھام، غیر قانونی کنکشنز کے خاتمے اور واجبات کی وصولی کے لئے مؤثر اقدامات کئے۔ سپریٹنڈنگ انجینئر آپریشن سرکل ساہیوال ناصر محمود فانی اور ونگ کمانڈررینجرز کی نگرانی میں رورل سب ڈویژن عارفوالہ کے علاقوں میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن کیاگیا۔ ایکسین عارفوالہ ڈویژن اور ایس ڈی او رورل سب ڈویژن عارفوالہ فخر امام کی سربراہی میں کی گئی کارروائی کے دوران بجلی چوری کے سدباب کے لئے 6مقامات سے ایل ٹی لائن سپین ختم کئے گئے جبکہ8بجلی کے میٹر پی وی سی کیبل سمیت اتار لی گئی۔2 میٹر مستقل نادہندگان کے منقطع کئے گئے جن پر تقریباً 3لاکھ روپے کے واجبات تھے۔ کارروائی کے دوران مستقل نادہندگان سے ایک لاکھ روپے کی ریکوری بھی کی گئی۔ اس آپریشن میں رینجرز، پولیس اور میپکو کے افسران و اہلکاروں نے مشترکہ طور پر حصہ لیا۔ضلع بہاولنگر میں میکلوڈ گنج سب ڈویژن کے علاقوں ہیڈ سلیمانکی اور المشتاق فیڈرز پرسپرنٹنڈنگ انجینئر بہاولنگر انجینئر خالد سیال، ایکسین بہاولنگر ڈویژن قیصر اظہار اور ایس ڈی اومیکلوڈگنج سب ڈویژن سندیپ کمار کی قیادت میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف خصوصی آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران16 بجلی کے میٹر اتار لئے گئے جنکے ذمہ 4 لاکھ 82 ہزار روپے کے واجبات تھے۔ مستقل نادہندگان سے 2لاکھ 20 ہزار روپے کی وصولی بھی کی گئی۔