ملتا ن( سٹاف رپورٹر) بیٹری سے چلنے والے جدید الیکٹرک رکشوں کے فروغ اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے تصور کو عام کرنے کے لیے ملتان کے ایک مقامی ہوٹل میں آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) ملتان محمد نبیل کھوکھر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ سیمینار کا مقصد جدید بیٹری سے چلنے والے الیکٹرک رکشوں کو متعارف کروانا اور شہریوں میں ماحول دوست سفری ذرائع کے استعمال کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا تھا۔ اس موقع پر ماہرین نے بتایا کہ یہ جدید رکشے بجلی یا سولر انرجی کے ذریعے چارج کیے جا سکتے ہیں، جس سے نہ صرف ایندھن پر انحصار کم ہوگا بلکہ سفری اخراجات میں نمایاں کمی اور فضائی آلودگی کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی۔ سی ٹی او ملتان محمد نبیل کھوکھر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ماحول دوست ٹرانسپورٹ وقت کی اہم ضرورت ہے اور جدید الیکٹرک رکشے مستقبل کی پائیدار سفری سہولیات کی جانب ایک اہم قدم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ذرائع نقل و حمل نہ صرف شہریوں کے لیے کم خرچ ثابت ہوں گے بلکہ صاف ستھرے ماحول، توانائی کے مؤثر استعمال اور بہتر ٹریفک نظام کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس ملتان جدید، محفوظ اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔