ملتان(سٹاف رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ناقص خوراک بنانے والوں کے خلاف ایکشن، پاپڑ فیکٹری اور پان شاپ پر کارروائی، 500 لیٹر ناقص اور حشرات زدہ مکسچر، 172 ساشے ممنوعہ گٹکا تلف، پاپڑ فیکٹری کو 50 ہزار اور پان شاپ کو 10 ہزار روپے جرمانہ عائدکردیا گیا، تفصیلات کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیم نے فوارہ چوک شجاع آباد اور اڈہ بلی والا میں پاپڑ فیکٹری اور پان شاپ کو چیک کیا۔اس دوران پاپڑ کی تیاری کیلئے استعمال کیے جانیوالے محلول میں مردہ حشرات اور سٹوریج ایریا میں گندگی، حشرات کی بھرمار اور صفائی کے ناقص انتظامات پائے گئے۔ ممنوعہ گٹکا برآمد ہونے پر پان شاپ کیخلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ٹیم نے موقع پر 500 لیٹر ناقص اور حشرات زدہ مکسچر اور 172 ساشے ممنوعہ گٹکا تلف کیا۔ پاپڑ فیکٹری کو 50 ہزار روپے اور پان شاپ کو 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا نے کہا کہ بچوں اور عوام کی صحت سے کھیلنے والے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی ،انہوں نے شہریوں سے بھی درخواست کی کہ اگر کہیں ناقص، مضرِ صحت یا ممنوعہ اشیائے خورونوش کی تیاری یا فروخت کی اطلاع ہو تو فوری طور پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر شکایت درج کروائیں۔