ملتان (سٹاف رپورٹر) بلوچستان میں پانچ غریب مزدوروں کا قتل ظلم ہے، قاتلوں کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار سرائیکستان وطن پارٹی کے چیئرمین ظہور دھریجہ‘ روشن مہوٹہ اور ملک غلام فرید نے اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف بیروزگاری اور مہنگائی سے غریب تنگ ہیں دوسری طرف دو وقت کی روٹی کمانے بلوچستان جانے والے غریبوں مزدوروں کو بیدردی سے قتل کر دیا جاتا ہے۔ ظہور دھریجہ نے کہا کہ وسیب کے لوگ اپنے پیاروں کی لاشیں کب تک لاشیں اٹھائیں، دہشت گردی کا خاتمہ کیا جائے اور مسائل کو حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سرائیکی وسیب کے مسائل بڑھتے جا رہے ہیں، معاشی ناہمواری نے لوگوں کا جینا دو بھر کر دیاہے، بلوچستان میں پانچ نئے ڈویژن بنائے گئے ہیں ، ڈیڑھ کروڑ آبادی کے لیے 41اضلاع اور 11ڈویژن ہیں، جبکہ بہاول پور کی آبادی بھی ڈیڑھ کروڑ ہے وہاں 200سال سے صرف 3 ضلعے ہیں ، کوئی نیا ضلع نہیں بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کے حل کے لیے صوبہ سرائیکستان کا قیام عمل میں لایا جائے۔