• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آزاد کشمیر، بلوچستان صورتحال تشویشاک، حکومت حالات کا ادراک کرے، حافظ نعیم

اسلام آباد ( نیوز رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر ،بلوچستان صورتحال تشویشاک، حکومت حالات کا ادراک کرے ،پیٹرولیم لیوی، مہنگی بجلی عوام کیلئے مستقل عذاب ، احتجاج جاری رہے گا ، منصورہ میں مرکزی مجلس شوریٰ کے دو روزہ اجلاس سے اختتامی خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے فلسطین کے مسئلے پر جماعت اسلامی کی مسلسل اور بھرپور مہم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام کی حمایت جماعت اسلامی کی اصولی پالیسی ہے اور یہ حمایت ہر سطح پر جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایران پر امریکی و اسرائیلی حملوں کے دوران بھی جماعت اسلامی نے اصولی موقف اختیار کیا اور مظلوم کی حمایت کی۔ امت اور پوری دنیا میں مظلوم انسانوں کے حق میں اور ملک کے اندر مثبت اور تعمیری تبدیلی کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا حکومت نے پٹرولیم لیوی، مہنگائی اور بجلی کے شعبے میں آئی پی پیز کے مہنگے ظالمانہ معاہدوں کے ذریعے عوام پر ناقابل برداشت بوجھ ڈالا ہے جس سے عام آدمی کی زندگی اجیرن بن گئی۔ عوامی مسائل کے حل کے لیے جدوجہد جماعت اسلامی کی اولین ترجیحات میں شامل ، احتجاجی تحریک کو مزید منظم کریں گے۔بلوچستان کے حالات کو تکلیف دہ قرار دیتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ وہاں کے عوام کے احساسات اور مشکلات کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ کسی مسئلے کو محض تاثر یا پروپیگنڈے کی بنیاد پر نہیں بلکہ زمینی حقائق کی روشنی میں دیکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوامی رائے جاننے کے لیے جدید ذرائع، سروے (Survey ) اور تحقیق سے فائدہ اٹھایا جائے تاکہ درست معلومات کی بنیاد پر حکمت عملی تشکیل دی جا سکے۔ جماعت اسلامی حالات کی بہتری اور قومی یکجہتی کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔حافظ نعیم الرحمن نے پنجاب حکومت کی جانب سے سرکاری سکولوں کی آؤٹ سورسنگ (Outsourcing) کی پالیسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تعلیم کو تجارت نہیں بلکہ قومی ذمہ داری اور مقصدیت کا شعبہ بنایا جانا چاہیے۔
اسلام آباد سے مزید