راولپنڈی (راحت منیر) 3311ملین روپے میں19سال سے زیر تعمیر مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ کیئر ہسپتال(پراناٹی بی ہسپتال)راولپنڈی کو چلڈرن ہسپتال بنایا جارہا ہے۔جس پر لاگت کا تخمینہ 9264 اعشاریہ553ملین روپے ہے۔ پنجاب بجٹ 2026-27میں منصوبہ کیلئے 464 اعشاریہ 402 ملین روپے مختص کئے گے ہیں۔جبکہ اب تک اخراجات 327اعشاریہ 990ملین روپے ہوچکے ہیں۔ 105کنال پر محیط مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ کیئر ہسپتال پر2007میں کام شروع ہواتھا۔ابتدائی لاگت1325ملین روپےتھی جو بعد میں بڑھا کر 3311ملین روپے کردی گئی ۔مرکزی عمارت تقریبا70 فی صد، سینے کی بیماری کا شعبہ 98فی صد ، سٹاف کی رہائش 66فیصد،ڈاکٹر وں کا ہاسٹل 70فیصد مکمل ہوچکا تھا۔لیکن اس وقت کی وفاقی و صوبائی حکومتوں کے درمیان ہم آہنگی نہ ہونے کے باعث منصوبہ مکمل نہیں ہواتھا۔پنجاب حکومت کی طرف سے مد راینڈ چائلڈہسپتال کی بجائے چلڈرن ہسپتال پر راولپنڈی بنانے پرعوامی ایکشن کمیٹی/ سول سوسائٹی نےاحتجاجی تحریک شروع کررکھی ہے۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر سے وفد نے ملاقات کی۔اور مطالبہ کیا کہ ہسپتال منصوبہ کو اس کی اصل کے مطابق مکمل کیا جائے۔آئی جے پی روڈ پر اوورہیڈ برج بنایا جائے۔جس پر گورنر پنجاب سردارسلیم حیدر نےیقین دہانی کرائی کہ زچہ بچہ ہسپتال اور اوور ہیڈ برج دونوں معاملات متعلقہ حکام کے سامنے اٹھائے جائیں گے اور ان کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔واضح رہے کہ1936میںٹی بی ہسپتال خسرہ نمبر3767/987میں میونسپل کمیٹی کی ملکیت 106کنال اراضی پر بنایا گیا تھا۔جو 1943/44کےریونیو ریکارڈ میں بھی موجود ہے۔محکمہ مال ریکارڈ میں خانہ کاشت میں ٹی بی ہسپتال جبکہ ملکیت میں میونسپل کمیٹی راولپنڈی کا اندراج ہے۔ خسرہ میںمیونسپل کارپوریشن کی ملکیت اراضی 128کنال13مرلہ ہے۔اسی خسرہ میں ایک آٹھ کنال کا سرکاری سکول گورنمنٹ ماڈرن گرلز ہائی سکول عید گاہ جبکہ چودہ کنال12مر لہ پرگرلز گائیڈ ریجنل ٹریننگ سنٹر بھی موجود ہے۔جو 14فروری1957میں قائم کیا گیا تھا۔