• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان میں بھاری ٹیکسوں اور رکاوٹوں کو دور کیا جائے، ہوائے مائننگ کمپنی

کوئٹہ (آن لائن) ایم سی سی ہوائے دھدر مائننگ کمپنی منصوبے کے چیئرمین ژانگ لیانگنگ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے وافر مواقع موجود ہیں، تاہم بھاری ٹیکسوں اور غیر ضروری بیوروکریسی کی رکاوٹوں کو دور کیا جائے تاکہ سرمایہ کار صوبے کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ کمپنی کو وفاقی اور صوبائی سطح پر عائد بھاری ٹیکسوں، خصوصاً بی آر اے کے 18 فیصد سیلز ٹیکس کے باعث شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ ایکسپورٹ پروموشن زون کی سہولت بھی واپس لے لی گئی ہے۔ ان کے مطابق ان کی کمپنی مجموعی طور پر 42 فیصد تک ٹیکس ادا کر رہی ہے، جس سے پیداواری صلاحیت متاثر ہو رہی ہے۔ژانگ لیانگنگ نے بتایا کہ 2014ء سے اب تک کمپنی نے بلوچستان کو تقریباً 7 ارب روپے رائلٹی اور وفاق کو تقریباً 32 کروڑ روپے سرچارج و سیلز ٹیکس کی مد میں ادا کیے ہیں۔ انہوں نے کسٹمز کے نئے ای سسٹم کو مزید آسان بنانے کی بھی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ کمپنی تعلیم، صحت، صاف پانی، سڑکوں کی تعمیر و مرمت، شجرکاری اور دیگر فلاحی منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ کمپنی میں 1250 مقامی افراد ملازمت کر رہے ہیں، جبکہ سینکڑوں افراد کو جدید فنی تربیت بھی دی جا چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی کے مخدوش حالات کے باوجود چینی انجینئرز کام کر رہے ہیں، تاہم اگر یہ صورتحال برقرار رہی تو چینی کمپنیوں کے لیے کام جاری رکھنا مشکل ہو جائے گا۔
کوئٹہ سے مزید