آپ کے مسائل اور ان کا حل
سوال: اگر شوہر صاحبِ حیثیت ہو، خود پر تو خوب خرچ کرے اور گھر کے کھانے وغیرہ پر بھی خرچ کرے، لیکن بیوی پر خرچ کرنے میں انتہائی کنجوس ہو، اسے بہت کم خرچ دے جس میں اس کی کوئی چیز نہ آتی ہو، اور مانگنے پر جھگڑا ہو، تو کیا بیوی چھپ کر آن لائن چیزیں بیچ سکتی ہے؟ یا چھپ کر کپڑے سی سکتی ہے جب کہ شوہر کو کمائی کا علم نہ ہو؟
جواب: عورت کے لیے گھر میں رہ کر جائز ذریعۂ معاش اختیار کرنا (مثلاً: آن لائن کاروبار / کپڑوں کی سلائی کا کام کرنا وغیرہ) جائز ہے، تاہم اس بات کا خیال رکھے کہ کام، کاروبار کی وجہ سے شوہر اور اولاد کے حقوق متاثر نہ ہوں۔
یہ بات بھی ذہن نشین رہے کہ شوہر کے ذمے بیوی کے واجب نان و نفقہ سے مراد شوہر اور بیوی دونوں کی مالی حیثیت ملحوظ رکھتے ہوئے کھانے پینے، کپڑے، اور مکان کا انتظام کرنا ہے، نان و نفقہ کی ذمہ داری ادا کرنے کے بعد الگ سے نقد رقم دینا شوہر پر لازم نہیں ہے، البتہ مستحب ہے کہ نان و نفقہ کے علاوہ بھی بیوی کو اضافی رقم دے، تاکہ وہ اپنی دیگر ضروریات میں صرف کرسکے۔ (رد المحتار، کتاب الطلاق، باب النفقات، ج: 3 ص: 572 ط: سعید – الفتاویٰ الھنديۃ، کتاب الطلاق، الباب التاسع عشر فی النفقات، ج:1 ص:544 ط: رشیدیہ)