کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں جنوبی پشتونخوا کے تمام اضلاع کی ضلعی تنظیموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سانحہ زیارت کے خلاف زیارت کوئٹہ میں جاری احتجاجی دھرنے کے مطالبات پر حکومتی ہٹ دھرمی ، دہشت گردانہ واقعات ، بدامنی ، لاقانونیت ، امن وامان کی ابتر صورتحال کے خلاف زیارت شہدا کے لواحقین اور آل پارٹیز کی کال پرآج (جمعہ 17 جولائی کو ) شٹر ڈاؤن کو کامیاب بنائیں ، بیان میں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ہڑتال کو کامیاب بناکر زیارت کے شہدا کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کا ثبوت دیں ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ زیارت کے مانگی ، کوئٹہ کے ہنہ اوڑک اور صوبے میں جاری بدامنی، دہشت گردانہ واقعات کے دوران بے گناہ نہتے انسانوں کے خون ناحق بہانے کے انسانیت سوز واقعات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی دہشت گردی کے ہر شکل کی مخالفت اور اس کی ہر شکل کی مذمت کرتی ہے اور ظالم و مظلوم کی جنگ میں مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے ۔بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ عوام کو امن، سرومال کا تحفظ فراہم اور زیارت احتجاجی دھرنے کے تمام مطالبات تسلیم کیےجائیں۔