پشاور(نیوز رپورٹر) پشاور کے علاقے چمکنی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک خواجہ سراء کو قتل جبکہ دوسرے کو زخمی کردیا ہے۔ خواجہ سراوں کو رات کے 3 بجے کال موصول ہوئی جس پر وہ ہشتنگری سے گاڑی میں نکلے اور جونہی حاجی اباد نہر راجہ گراونڈ پل کے قریب ساڑھے تین بجے پہنچےوہاں نامعلوم مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کی جس سے 25سالہ خواجہ سرا مشال عرف مشی سکنہ پرویز پلازہ ہشتنگری موقع پر جاں بحق جبکہ 22 سالہ خواجہ سرا بصیر ولی ولد سید ولی ساکن پتنگ چوک زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی اطلاعات میں واقعہ ذاتی تعلقات کا شاخسانہ لگ رہا ہے اور کال کرنے والے پر شبہ ظاہر کیاجارہا ہے جسے شامل تفتیش کی جائےگا۔ دونوں خواجہ سرا گاڑی میں جارہے تھے اور گاڑی فرہاد ساکن ہریانہ چلارہا تھا اس دوران موٹرسائیکل پر سوار دو افراد نے اکر انہیں نشانہ بنایا۔ واقعہ کی اطلاع پر ایس پی رورل حامد احسان وڑائچ تفتیشی ٹیموں کےہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول کے موبائل ڈیٹا و سی سی ٹی وی فوٹیج کا بھی جائزہ لیاجائیگا۔ تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی واقعہ کی وجوہات سامنے آ سکیں گی۔