راولپنڈی (حافظ وسیم اختر، سٹاف رپورٹر) سابق آئی جی پولیس اسلام آباد کی سوشل میڈیا پر مبینہ کردار کشی کے معاملے پر این سی سی آئی اے نے باقاعدہ کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے سابق پولیس اہلکار فیاض تنولی کو طلبی کا نوٹس جاری کر دیا ،ذرائع کے مطابق یہ کارروائی سابق آئی جی اسلام آباد بنیامین خان کی جانب سے دائر کردہ ایک شکایت پر عمل میں لائی گئی ہے۔ درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل مبینہ ویڈیوز کے ذریعے ان کی شہرت اور ساکھ کو دانستہ طور پر متاثر کرنے کی کوشش کی گئی، معلوم ہوا ہے کہ سابق پولیس اہلکار فیاض تنولی نے ایک یوٹیوب انٹرویو کے دوران سابق آئی جی پر مختلف الزامات عائد کیے تھے۔