کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہرکے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں 2 افراد جاں بحق اورایک نوجوان زخمی ہوگیا ،تفصیلات کے مطابق ناظم آباد نمبر2 پل کے قریب تیز رفتار موٹرسائیکل سلپ ہونے سے ایک نوجوان جاں بحق دوسرا نوجوان شدید زخمی ہو گیا جنہیں چھیپا ایمبولنس کے ذریعےعباسی شہیداسپتال منتقل کیا گیا جہاں متوفی کی شناخت 19 سالہ عبدالصمد ولد عارف اورزخمی کی 18 سالہ محمد ولد فضل کریم کے نام سے کی گئی،حادثے میں جاں بحق و زخمی نوجوان کہاں کے رہائشی ہیں فوری طورپرمعلوم نہ ہوسکا،رابطہ کرنے پر ناظم آباد ، گلبہار اورضویہ پولیس نے حادثے سے لاعملی کا اظہارکیا ہے، سچل تھانے کے علاقے سپر ہائی وے سچل موڑ کے قریب تیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا جس کی لاش قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی جہاں متوفی کی شناخت 26 سالہ عدیل کے نام سے کی گئی سچل پولیس حادثے سے متعلق مزید معلومات اکٹھا کررہی ہے۔