کراچی( اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کراچی میں پانی کے سنگین بحران پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے نام خط ارسال کرکے مطالبہ کیا ہے کہ کے فور منصوبہ ترجیحی بنیادوں پر فی الفور مکمل کیا جائے، اپنے خط میں قومی اسمبلی کی ایک کمیٹی میں پیش کی گئی رپورٹ پرشدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ وفاق منصوبے کی تکمیل کے لیے درکار باقی ماندہ تمام فنڈز اسی مالی سال میں فراہم کرے تاکہ منصوبے کا پہلا مرحلہ جلد از جلد مکمل ہو اور کراچی کے شہریوں کو پانی کے شدید بحران سے نجات دلائی جا سکے، خط میں مزید کہا گیا کہ قومی اسمبلی کی کمیٹی کی پیش کی گئی رپورٹ نے کراچی کے شہریوں کو سخت تشویش میں مبتلا کر دیا ہے، جس کے مطابق کے فور منصوبے کا پہلا مرحلہ، جس کے ذریعے کراچی کو روزانہ 260 ملین گیلن پانی فراہم کیا جانا تھا، اب دسمبر 2029 میں مکمل ہوگا،آپ کے علم میں ہے کہ ساڑھے تین کروڑ آبادی والے شہر کراچی میں پانی کا بحران انتہائی سنگین صورت اختیار کر چکا ہے۔ یہ انتہائی افسوسناک اور ستم ظریفی ہے کہ ملک کے ریونیو میں 50 فیصد سے زائد حصہ ڈالنے والے شہر کی نصف سے زیادہ آبادی آج بھی پانی جیسی بنیادی انسانی ضرورت سے محروم ہے،منعم ظفر خان نے کہا کہ صوبائی حکومت تاخیر کا ذمہ دار وفاق کو قرار دیتی ہے جبکہ وفاقی حکومت میں شامل جماعتیں صوبائی حکومت پر الزام عائد کرتی ہیں، کراچی کے شہری پانی کی عدم دستیابی کے باعث ہر سال اربوں روپے ٹینکر مافیا کو ادا کرنے پر مجبور ہیں۔