کراچی (سید محمد عسکری) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر ڈاکٹر طفیل کو جامعہ کراچی کے وائس چانسلر کا اضافی چارج دینے کی منظوری دے دی ہے۔ اس تقرری کا باقاعدہ نوٹیفکیشن آئندہ دو روز میں جاری کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ ڈاکٹر طفیل مستقل وائس چانسلر کی تقرری تک جامعہ کراچی کے انتظامی امور بھی سنبھالیں گے۔ صوبائی وزیر برائے جامعات و بورڈز اسماعیل راہو نے جنگ/دی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ انہوں نے جامعہ کراچی کے پڑوس میں واقع این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر طفیل کا نام بطور قائم مقام وائس چانسلر تجویز کیا تھا، جس سے وزیراعلیٰ سندھ نے اتفاق کرتے ہوئے منظوری دے دی۔ انہوں نے بتایا کہ جامعہ کراچی کے موجودہ وائس چانسلر ڈاکٹر خالد عراقی کی چار سالہ آئینی مدت 28 جولائی کو مکمل ہو رہی ہے، جس کے بعد ڈاکٹر طفیل مستقل وائس چانسلر کی تقرری تک اضافی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔ اسماعیل راہو کے مطابق جامعہ کراچی کے مستقل وائس چانسلر کی تقرری کے لیے تلاش کمیٹی نے تین امیدواروں کے نام حکومت کو بھجوا دیے ہیں، جنہیں انٹیلی جنس کلیئرنس کے لیے محکمہ داخلہ سندھ ارسال کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت نے وائس چانسلرز کی جلد تقرری کے لیے انٹیلی جنس کلیئرنس کے طریقہ کار پر نظرثانی کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ ان کے مطابق سکرنڈ یونیورسٹی اور بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی نوابشاہ کے وائس چانسلرز کی کلیئرنس میں غیر معمولی تاخیر کے باعث تقرری کا عمل متاثر ہوا، جس کے بعد اصولی طور پر یہ تجویز زیر غور ہے کہ اگر ایک سے ڈیڑھ ماہ کے اندر متعلقہ اداروں کی جانب سے کوئی رپورٹ موصول نہ ہو تو کلیئرنس کو ازخود مکمل تصور کیا جائے تاکہ جامعات میں اعلیٰ انتظامی عہدوں پر تقرریاں غیر ضروری تاخیر کا شکار نہ ہوں۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر خالد عراقی کو 29 جولائی 2022 کو چار سال کے لیے جامعہ کراچی کا مستقل وائس چانسلر مقرر کیا گیا تھا اور ان کی مدت ملازمت 28 جولائی 2026 کو مکمل ہو رہی ہے۔ ڈاکٹر خالد عراقی اس سے قبل 16 مئی 2019 کو قائم مقام وائس چانسلر مقرر ہوئے تھے اور یکم مارچ 2022 تک اس منصب پر فائز رہے۔ تاہم سندھ ہائی کورٹ نے سینیارٹی کے اصول کی بنیاد پر انہیں عہدے سے ہٹاتے ہوئے سینئر ترین پروفیسر کو قائم مقام وائس چانسلر مقرر کرنے کا حکم دیا تھا، جس کے بعد ڈاکٹر ناصرہ خاتون کو 2 مارچ 2022 کو قائم مقام وائس چانسلر مقرر کیا گیا۔ وہ 28 جولائی 2022 تک اس عہدے پر رہیں، جس کے بعد تلاش کمیٹی کی سفارش پر 29 جولائی 2022 کو ڈاکٹر خالد عراقی کو چار سال کے لیے مستقل وائس چانسلر تعینات کر دیا گیا تھا۔