کراچی (اسٹاف رپورٹر) منگھو پیر روڈ پر واقع نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے 2 روز قبل اغوا کیے جانے والے 2 سالہ آذان کو ضلع ٹھٹہ گھارو سے بحفاظت بازیاب کراکے والدین کے حوالے کردیا گیا ،اغوا کاروں نے بچے کی رہائی کے لیے والد سے 50 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا، ایس ایس پی ویسٹ کا کہنا ہے کہ مشترکہ کارروائی کے دوران بچے کواغوا کرنے والے ملزمان گرفتار نہیں ہوئے اورنہ ہی پولیس یا متاثرہ فیملی کی جانب سے تاوان کی رقم ادا کی گئی ہے، مغوی بچے کے والد وہاب علی کا کہنا ہے کہ ان کے بیٹے کو گھارو کےایک گاؤں سے بازیاب کرایا گیا، ایک ہوٹل کے باہرگاؤں کے لوگوں نے بچے کو انہیں لاکردیا،ایس ایس پی طارق الہیٰ مستوئی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ بچے کے اغوا کےبعد پولیس کوواقعے میں ملوث ملزم کی سی سی ٹی وی ملی تھی جس کے بعد تفتیش کا دائرہ بڑھایا گیااورکمسن بچے کے اغوا کا مقدمہ درج کیا گیا اورباقاعدہ تفتیش شروع کردی گئی، انھوں نے بتایا کہ ایس ایس پی ٹھٹھہ سے بھی رابطہ کیا گیا اورمقامی پولیس کا بھی تعاون حاصل ہوا ، انھوں نے بتایا کہ کیس پرتفتیش جاری ہے اورجلد واقعے میں ملوث ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا جائے گا ۔