کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے ٹی ایم سیز کے مرحوم سینیٹری ورکرز کی بیواؤں کی واجبات کی عدم ادائیگی کے خلاف درخواستوں پر واجبات 6 ہفتوں میں ادا کرنے کا حکم دیدیا، وکیل نے کہا کہ درخواست گزار کے شوہر کے انتقال کے بعد پینشن و واجبات ادا نہیں کئے گئے، درخواست گزار مقدس معذور خاتون اور واحد کفیل ، واجبات کی عدم ادائیگی سے اہل خانہ شدید مالی مشکلات کا شکار ہے ، کے ایم سی کے وکیل نے کہا کہ کے ایم سی نے ٹی ایم سیز کے ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کے لئے مزید فنڈز طلب کیا ہے ، متوفی ملازم ندیم کے تمام واجبات کی ادائیگی ایک ماہ میں کرنے کی یقین دہانی کرا تے ہوئے وکیل نے موقف اپنایا کہ متوفی امانت مسیح کے واجبات کی فائل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ کو موصول ہوچکی ہے، اہلخانہ کو فیملی پینشن ماہانہ بنیادوں پر ادا کی جارہی ہے۔