کراچی (نیوز ڈیسک) کراچی میں سرکاری بس کی ٹکر سے مستقل معذور ہونے والے شہری کو 34 سال بعد انصاف مل گیا۔ کراچی کی ضلعی عدالت نے 1992 میں کورنگی روڈ پر تیز رفتار سرکاری بس ٹکر سے مستقل معذور ہونے والے شہری کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے سندھ حکومت اور بس ڈرائیور کو حکم دیا کہ متاثرہ شہری کو ایک کروڑ روپے ہرجانہ 3 ماہ میں ادا کیا جائے۔ عدالت نے فیصلے میں کہا کہ ریکارڈ سے ظاہر ہوتا ہے کہ حادثہ ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا، سرکاری بس کے حادثے کیلئے سندھ حکومت بھی ذمہ دار ہے۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ حادثے کے نتیجے میں مدعی کی ٹانگ ضائع ہوگئی اور مستقل معذوری کا شکار ہوا، مستقل معذوری کی وجہ سے مدعی کی آمدنی اور سماجی زندگی متاثر ہوئی۔