دبئی (سبط عارف)میڈرڈ میں فٹبال شائقین کے جوش نے زمین کو بھی ہلا دیا،سرکاری زلزلہ پیما سینسر میں سرگرمی ریکارڈ۔ تفصیلات کے مطابق اسپین کے نیشنل جیوگرافک انسٹی ٹیوٹ (Instituto Geográfico Nacional - IGN) اور ریئل آبزرویٹری آف میڈرڈ (Real Observatorio de Madrid) کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ رات ارجنٹینا اور اسپین کے درمیان ہونے والے فٹبال میچ کے اہم لمحات کے دوران میڈرڈ میں پیدا ہونے والی غیر معمولی زمینی ارتعاش (Vibrations) کو ریکارڈ کیا گیا ۔جاری کردہ گراف کے مطابق، میچ کے دوران اسپین کے منسوخ کردہ گول، پھر اسپین کے اسٹریکر فیران کے گول، فائنل کی سیٹی ( وسل ) بجنے اور ٹرافی پیش کیے جانے کے وقت زلزلہ پیما سینسر پر ارتعاش میں واضح اضافہ ریکارڈ ہوا۔سب سے زیادہ سرگرمی میچ کے اختتام پر دیکھی گئی جب اسپین چیمپئن بنا اور شائقین نے بھرپور جشن منایا۔