لاہور(خالدمحمودخالد)بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول نے گزشتہ ریاض میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے اہم ملاقات کی جس میں توانائی سکیورٹی، تیل کی سپلائی، سمندری راستوں کے تحفظ اور دوطرفہ اسٹریٹجک تعاون پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب عالمی توانائی منڈی روسی تیل پر ممکنہ امریکی پابندیوں، مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی اور آبنائے ہرمز کی ممکنہ بندش جیسے خدشات سے دوچار ہے۔ ان حالات میں بھارت اپنی توانائی کی ضروریات کے لئے متبادل اور قابل اعتماد سپلائی چین کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق سعودی حکام نے بھارتی وفد کو یقین دہانی کرائی کہ آبنائے ہرمز میں نقل و حمل متاثر ہونے کی صورت میں سعودی عرب بھارت کی تیل کی ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کرنے کی کوشش کرے گا۔