• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواتین کیلئے محفوظ عدالتی سہولتیں نظام انصاف پر اعتماد مضبوط بنائیں گی، چیف جسٹس

اسلام آباد (اے پی پی) چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ انصاف تک رسائی صرف قانونی کارروائیوں تک محدود نہیں بلکہ ان مقامات سے بھی جڑی ہے جہاں شہری انصاف کے حصول کیلئے آتے ہیں، خواتین کیلئے باوقار، محفوظ اور بااعتماد ماحول پر مبنی عدالتی سہولیات انصاف کے نظام پر عوامی اعتماد کو مزید مضبوط بنائیں گی۔ سپریم کورٹ کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی ’’جسٹس اسپیس‘‘ کے اختتامی اجلاس میں شرکت کی اہو خواتین دوست عدالتی سہولیات کی ضرورت پر زور دیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے خواتین سہولت مراکز کیلئے پیش کیے گئے جدید اور تخلیقی ڈیزائنز کو سراہا۔ یہ مقابلہ قومی جوڈیشل (پالیسی میکنگ) کمیٹی کی سرپرستی میں انسٹیٹیوٹ آف آرکیٹیکٹس پاکستان، راولپنڈی اسلام آباد چیپٹر (IAP-RIC) نے منعقد کیا جس کا مقصد ایسے خواتین سہولت مراکز کے ڈیزائن تیار کرنا تھا جو انصاف کے اداروں کو خواتین کیلئے زیادہ آسان، جامع اور ان کی ضروریات سے ہم آہنگ بنا سکیں۔ تقریب میں ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان، ڈیزائن مقابلے کے جیوری اراکین، مبصرین اور آرکیٹیکچر سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔ چیف جسٹس نے کامیاب آ رکیٹیکٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے مقابلے میں شریک تمام شرکا، ممتاز جیوری، انسٹیٹیوٹ آف آرکیٹیکٹس پاکستان اور پاکستان کونسل آف آرکیٹیکٹس اینڈ ٹائون پلانرز کی کاوشوں کو سراہا اور اسے انصاف تک رسائی کو بہتر بنانے کی جانب ایک اہم قومی اقدام قرار دیا۔تقریب کے اختتام پر مقابلے کے کامیاب ڈیزائنز کا اعلان کیا گیا اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے شرکا میں انعامات تقسیم کیے گئے۔
اہم خبریں سے مزید