اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن (پی پی ڈی اے) نے حکومت سے ڈیلرز کا مارجن 8فیصد کرنے، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) کے ساتھ قواعد سازی میں ڈیلرز کو شامل کرنے کامطالبہ کرتے ہوئے روزانہ پٹرولیم قیمتوں کے تعین کے مجوزہ نظام کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے پی پی ڈی اے کے وفد کی ملاقات میں وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ مارجن سمیت دیگر مطالبات پر پیش رفت ہوگی اور اس سلسلے میں منگل کو اوگرا کے ساتھ اجلاس بھی طلب کر لیا گیا ہے۔ وزیر نے بتایا کہ روزانہ قیمتوں کا تعین بھی بین الاقوامی قیمتوں کے سات روزہ اوسط کی بنیاد پر ہوگا، تاہم اس سے عالمی منڈی کے مطابق بروقت ردعمل، شفافیت اور ذخیرہ اندوزی و قیمتوں میں ہیرا پھیری کی حوصلہ شکنی ہوگی۔ پی پی ڈی اے نے آبنائے ہرمز کے بحران کے دوران بلا تعطل ایندھن کی فراہمی یقینی بنانے پر حکومت کی کارکردگی کو بھی سراہا۔