اسلام آباد(اے پی پی)ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل اسکندر مومنی کی ملاقات کے دوران علاقائی اور دو طرفہ سکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ایرانی وزیرداخلہ سے ملاقات کے دوران شہباز شریف نے خلیج میں حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایسے اقدامات سے گریز کریں جو خطے میں مزید عدم استحکام کا باعث بن سکتے ہیں‘انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ایک دیانتدار اور مخلص ثالث اور سہولت کار کے طور پر اپنا کردار جاری رکھے گا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔ایرانی وزیر داخلہ نے شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ثالثی کی انتھک کوششوں کو سراہا جن کے نتیجے میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت طے پائی۔