• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن میں کامیابی ملی تو شہباز سے کہوں گا مجھے وزیراعظم آزاد کشمیر بنادیں، نواز شریف

مظفرآباد (نیوز ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہاہے کہ میرا دل کرتاہے کہ آزادکشمیر کے الیکشن میں کامیابی ملتی ہے تو شہباز شریف کوکہوں گا کہ مجھے آزادکشمیر کا وزیراعظم بنادیں،ن لیگ کو کامیاب کرائیں تو کشمیر کا بجٹ دس گنابڑھائیں گے،جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پیپلزپارٹی کا نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جن کے صوبوں میں وسائل کرپشن کی نظر ہوتے ہیں وہ آزاد کشمیر کو کیا وسائل دینگے، جنہوں نے نوجوانوں کو ڈنڈے تھمائے ہیں وہ آپ کے دوست نہیں، نواز شریف کی طرح جو وعدہ کروں گی پورا کروں گی۔ ان خیالات کااظہار مسلم لیگ (ن) کے مظفرآباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نوازشریف نے کہا کہ آزادکشمیر میں دریائے جہلم کے ساتھ ساتھ خوبصورت موٹروے بننی چاہیے ۔نواز شریف نے کہاکہ کشمیر کے ساتھ میرادلی لگاؤ ہے،مقبوضہ کشمیر بھی میرے دل کے بہت قریب ہے میرے لیے آزادکشمیر اتنا ہی عزیز ہے جتنا پنجاب عزیز ہے ۔آئی لیویو کے نعروں جو جواب دیتے ہوئے نواز شریف نے کہاکہ آئی لیو یوٹو ۔ انہوں نے کہاکہ مظفر آباد کو کشمیر کا بہترین شہرہونا چاہیے جو کام مریم نواز پنجاب میں کررہی ہے وہی کام مظفرآباد اورآزادکشمیر میں ہونا چاہیے آزادکشمیر میرادوسرا گھر ہے آزادکشمیر جی بی اورچاروں صوبوں میں ترقیاتی منصوبوں میں تفریق نہیں کی۔ انہوں نے کہاکہ جب میں وزیراعظم تھا تو آزاد کشمیر کابجٹ ڈبل کردیاتھا،مظفرآباد کے لیے 10گرین بسیں چند دنوں میں یہاں پہنچ جائیں گی، مسلم لیگ ن کو کامیاب کرائیں گے تو ہر تیسرے ماہ خود یہاں آکر کام کا جائزہ لوں گا ہماری حکومت یہاں بنی توکشمیر کا بجٹ دس گنابڑھائیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب اور چیف آرگنائزر مسلم لیگ (ن) نے پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جن کے اپنے صوبوں کی سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں وہ آزاد کشمیر کی سڑکیں کیا بنائیں گے اور جن کے صوبوں میں وسائل کرپشن کی نظر ہوتے ہیں وہ آزاد کشمیر کو کیا وسائل دیں گے۔ انہوں نے کہا ن لیگ کی حکومت آئی تو آزادکشمیر کے ہر گاؤں میں سڑکیں بنائیں گے۔ کشمیر میں آج نواز شریف کی حکومت ہوتی تو کوئی مسئلہ نہ ہوتا،جن لوگوں نے آپ کے ہاتھوں میں ڈنڈے تھمائے ہیں وہ آپ کے دوست نہیں ہوسکتے، مریم نواز اور نواز شریف آپ کے ہاتھوں میں لیپ ٹاپ دیکھنا چاہتے ہیں،ن لیگ کو منتخب کیا گیاتو وعدہ ہے آزاد کشمیر کی قسمت بدل جائیگی۔ مریم نواز نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ کچھ لوگ یہاں آکر تقریریں کر رہے ہیں، شکوے شکایت کررہے ہیں، الزام لگا رہے ہیں، میں احترام سے پوچھتی ہوں آپ کس کی شکایت کررہے ہیں؟ یہاں حکومت آپ کی ہے۔

اہم خبریں سے مزید