• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کانگریس کا مودی کی رہائش گاہ پر دھرنا، راہول، پریانکا سمیت اپوزیشن رہنماؤں کی گرفتاری و رہائی

نئی دہلی (جنگ نیوز) طلبہ پر کریک ڈائون کیخلاف کانگریس کا وزیراعظم ہائوس پر دھرنا، راہول، پریانکا سمیت سرکردہ اپوزیشن رہنمائوں کی گرفتاری ورہائی، راہول و پریانکا کی زخمی طلبہ سے اسپتال میں ملاقات، پھر وزیراعظم رہائش گاہ کی طرف مارچ اور احتجاج، کانگریس کا مودی، امت شاہ اور وزیر تعلیم کے استعفوں کا مطالبہ، پولیس نے احتجاج ختم کرا کے رہنماؤں کو حراست میں لے لیا۔ سونیا گاندھی زیر حراست رہنماؤں سے اظہارِ یکجہتی کیلئے پولیس اسٹیشن پہنچ گئیں، پریانکا کارہائی کے بعد طلبہ معاملہ دوبارہ پارلیمنٹ میں اٹھانے کا اعلان، طلبہ احتجاج شدت اختیار کر گیا، پولیس کریک ڈاؤن کے باوجود طلبہ کی احتجاجی تحریک ذوروشور سے جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق طلبہ کے خلاف پولیس کارروائی، پیپر لیک کے معاملات اور تعلیمی نظام سے متعلق اپوزیشن کے مطالبات پر کانگریس نے منگل کو وزیراعظم نریندر مودی کی رہائش گاہ (پی ایم ہاؤس) کے قریب بڑا احتجاجی دھرنا دیا۔ احتجاج کے دوران لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی، کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا، سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو سمیت اپوزیشن کے متعدد سرکردہ رہنماؤں کو دہلی پولیس نے حراست میں لے لیا اور بعد میں انہیں مختلف مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کی قیادت میں کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ اور سینئر رہنماؤں نے وزیراعظم کی رہائش گاہ کی طرف مارچ کیا اور وہاں دھرنا دیا۔ احتجاج میں کانگریس کے کئی سینئر رہنماؤں کے علاوہ مختلف اپوزیشن جماعتوں کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔ احتجاج کے دوران کئی رہنماؤں نے علامتی طور پر ہاتھوں میں ہتھکڑیاں پہن کر حکومت کے خلاف اپنا احتجاج درج کرایا۔ کانگریس نے اس احتجاج کے دوران مرکزی وزیر تعلیم دھرمندر پردھان کے استعفے کے ساتھ وزیراعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے استعفے کا بھی مطالبہ کیا۔ پارٹی کا الزام ہے کہ طلبہ پر لاٹھی چارج اور کارروائیوں کے لیے حکومت کو سیاسی اور اخلاقی ذمہ داری قبول کرنی چاہیے۔ اس سے قبل راہل گاندھی نے پرینکا گاندھی اور کانگریس کے تنظیمی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال کے ساتھ رام منوہر لوہیا اسپتال پہنچ کر احتجاج کے دوران زخمی ہونے والے طلبہ سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ راہل گاندھی نے کہا کہ ملک کے نوجوان تباہ حال تعلیمی اور امتحانی نظام کے خلاف آواز بلند کر رہے ہیں، لیکن ان کے مطالبات سننے کے بجائے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

اہم خبریں سے مزید