اسلام آباد(مہتاب حیدر) وفاقی حکومت نے گریڈ 17 سے 22 تک کے افسران کیلئے ایگزیکٹو الاؤنس کی ادائیگی 30جون 2026 کی بنیادی تنخواہ (رننگ بیسک پے) کی بنیاد پر کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا اوراس سے انکی تنخواہوں میں ہزارہا روپوں کا اضافہ ہوگا ۔ دوسری جانب گریڈ 1 سے 16 تک کے ملازمین سہولت سے بدستور محروم رہیں گے، حالانکہ وہ انہی دفاتر میں خدمات انجام دیتے ہیں۔وزارتِ خزانہ کی جانب سے 21 جولائی 2026 کو جاری کئے گئے آفس میمورنڈم کے مطابق، اس سے قبل 150 فیصد ایگزیکٹو الاؤنس کا تعین 2022 کی بنیادی تنخواہ کی بنیاد پر منجمد تھا، تاہم نئی منظوری کے بعد اب یہ الاؤنس 30 جون 2026 کی بنیادی تنخواہ کے مطابق ادا کیا جائے گا۔