اسلام آباد (مہتاب حیدر)ایف بی آر کی ٹیکس وصولیاں بڑھ گئیں، FED اور GST سے 329 ارب روپے حاصل، ایف بی آر کی مجموعی ٹیکس وصولی 357 ارب روپے تک پہنچ گئی، گزشتہ سال کے مقابلے میں 42 ارب کا اضافہ۔ تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے مالی سال 26-2025 کے دوران فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اور جنرل سیلز ٹیکس کی مد میں 329 ارب روپے جمع کیے ہیں، جبکہ مالی سال 25-2024 میں یہ وصولی 284 ارب روپے رہی تھی۔ یوں مجموعی وصولیوں میں 45 ارب روپے کا خالص اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے پیر کو ’’دی نیوز‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ’’فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اور جنرل سیلز ٹیکس سے حاصل ہونے والی مجموعی اضافی رقم کا تخمینہ تقریباً 45 ارب روپے لگایا گیا ہے، کیونکہ ایف بی آر نے گزشتہ مالی سال 25-2024 کی 284 ارب روپے کی وصولیوں کے مقابلے میں 26-2025 میں 329 ارب روپے کی جمع آوری کی ہے۔