لاہور( کرائم رپورٹر،جنرل رپورٹر)ہربنس پورہ کے علاقہ کینال روڈ پر 2 افراد نے فائرنگ کر کے میٹرک کے طالبعلم اور روزنامہ جنگ کے سینئر صحافی اقبال ندیم کے 16سالہ بیٹے سعد اقبال کو قتل کر دیا ۔بتایا گیا ہے کہ سعد ندیم اپنے والد اقبال ندیم کے ہمراہ اپنے گھر واقع صحافی کالونی سے موٹر سائیکل پر عدالت میں پیشی کیلئے جا رہا تھا کہ کینال روڈ پر موٹر سائیکل سوار شوٹر زبیر حسن اور نیاز نے چلتی ہوئی موٹر سائیکل کے پیچھے بیٹھے سعد پر فائرنگ کر دی۔جس سے وہ زخمی ہو کر گر پڑا جسے فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔وجہ تنازع یہ تھی کہ تقریبا سات ،آٹھ ماہ قبل ایک اکیڈمی کے باہر بچوں کی لڑائی میں ملزم پارٹی کا ایک بچہ ہلاک ہو گیا تھا۔جس میں سعد ملزم تھا۔تقریبا ساڑھے تین ماہ قبل عدالت نے اسے ضمانت پر رہا کر دیاتھا ۔جسکی رنجش میں گزشتہ روز شوٹر ملزمان زبیر حسن اور نیاز نے سابقہ مقدمہ کے مدعی عبید علی اور آصف علی کی ایما پر فائرنگ کر کے سعد کو قتل کر دیا۔ پولیس نے سعد کے والد اقبال ندیم کی درخواست پر 4افراد کیخلاف مقدمہ درج کر کے ملزموں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنا شروع کر دئیے ہیں۔ ملزمان صبح ساڑھے 6بجے سے ہی مقتول کے گھر کی ریکی کر رہے تھے۔جیسے ہی انہیں موقع ملا انہوں نے فائرنگ کر کے سعد کو قتل کر دیا۔سعد تین بھائیوں میں دوسرے نمبر پر تھا، پولیس نے پوسٹمارٹم کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی جیسے ہی لاش گھر پہنچی تو گھر میں کہرام مچ گیا۔ بہن بھائی اور دیگر رشتہ دار روتے رہے۔سعد کی نماز جنازہ آج بروز بدھ صبح 9بجے صحافی کالونی کی مسجد میں ادا کی جائیگی۔ لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری، سینئر نائب صدر سلمان قریشی، نائب صدر ناصرہ عتیق، نائب صدر مدیحہ الماس ، جنرل سیکرٹری افضال طالب، جوائنٹ سیکرٹری عمران شیخ ، فنانس سیکرٹری سالک نواز اور اراکین گورننگ باڈی نے اقبال ندیم کے جواں سال صاحبزادے کے قتل کرنے کی شدید مذمت کی ۔ انھوں نے اپنے مذمتی بیان میں کہاکہ صحافی کے بیٹے کو دن دیہاڑے قتل کرنا انتہائی افسوسناک واقعہ ہے۔ انھوں نے کہاکہ کرب و اذیت کی اس گھڑی میں ہم تمام صحافی برادری ان کے دکھ میں برابرکے شریک ہیں اور ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے اقبال ندیم کے بیٹے کے المناک قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے حنیف عباسی نے اقبال ندیم، اہلِ خانہ اور صحافتی برادری سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا ہے