آپ کے مسائل اور ان کا حل
سوال: میرے پاس برادری کے تقریباً بارہ ممبر ہیں، جن کا ماہانہ فنڈ 500 روپے اکٹھا ہو رہا ہے، وہ پیسے 30، 35 ہزار روپے ہو چکے ہیں، ہم نے آپس میں مل بیٹھ کر فیصلہ کیا تھا کہ جب تک یہ ایک لاکھ کی لمٹ تک نہیں پہنچ جاتے، تب تک ہم برادری کے پیسے کو برادری کے کسی بھی ممبر کی خوشی غمی کے موقع پر استعمال کرنے سے رکے رہیں گے، تب تک ہم ماہانہ اور اکٹھا کرتے رہیں گے۔ ابھی میرے پاس جو پیسے اکٹھے ہو چکے ہیں، کیا میں ان پیسوں کو کسی بھی جگہ پر استعمال کر کے اس سے فائدہ حاصل کر سکتا ہوں یا نہیں؟
جواب: آپ اس مشترکہ فنڈ کی رقم کے امانت دار ہیں، لہٰذا رقم رکھوانے والوں کی اجازت کے بغیر آپ اس مال میں کسی قسم کا تصرف نہیں کرسکتے۔ تاہم اگر تمام ممبر راضی ہوں تو ان کی اجازت سے اس رقم کو کسی کاروبار میں لگایا جاسکتا ہے، حاصل ہونے والے نفع کے حق دار بھی تمام ممبر ہوں گے، وہ رقم ان کی اجازت سے ہی خرچ کی جائے۔ (کتاب الشرکۃ ، الباب الأول فی بیان أنواع الشرکۃ وأرکانھا وشرائطھا وأحکامھا، الفصل الأول فی بیان أنواع الشرکۃ، ط: رشیدیۃ) فقط و اللہ اعلم