• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مستونگ میں سیشن جج محافظ سمیت شہید، ایڈیشنل سیشن جج شدید زخمی

کوئٹہ /مستونگ ( اسٹاف رپورٹر/نامہ نگار) مستونگ میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی گاڑی پر مسلح افراد کا حملہ، فائرنگ سے سیشن جج مستونگ عبدالحکیم کاکڑ اور گن مین زمان جان سمالانی شہید جبکہ ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری شدید زخمی ہوگئے، سیشن اور ایڈیشنل سیشن کوئٹہ سے سیشن کورٹ مستونگ اپنی ڈیوٹی سرانجام دینے کیلئے آرہے تھے ،نامعلوم مسلح افراد نے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر مستونگ کے قریب ولی خان بائی پاس پر ریلوے پھاٹک کے قریب نشانہ بنایا گیا، واردات کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، وزیر داخلہ میر ضیا لانگو ودیگر نے سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے گن مین کی شہادت کے واقعے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ پر حملہ درحقیقت ریاست پاکستان اور قانون کی عملداری پر حملہ ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، دہشتگردوں کو پوری قوت سے کچل دیا جائے گا،واقعے کیخلاف وکلا تنظیموں نے دو روز تک عدالتوں کے بائیکاٹ اور3روزہ سوگ کا اعلان کردیا ، شہید ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، جس کے بعد انہیں آبائی علاقے پشین میں سپرد خاک کر دیا گیا، صوبائی وزراء ، مشیران، اراکین صوبائی اسمبلی، اعلیٰ سول و عسکری حکام، عدلیہ سے تعلق رکھنے والی شخصیات، وکلاءبرادری اور معززینِ علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کی صبح ساڑھے 11 بجے کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے سیشن جج مستونگ عبدالحکیم کاکڑ کی گاڑی پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کا گن مین زمان جان سمالانی موقع پر جاں بحق ہوگئے، جبکہ ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری شدید زخمی ہوئے ۔یہ واقعہ کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر مستونگ کے قریب ولی خان بائی پاس پر واقع ریلوے پاٹک کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم حملہ آوروں نے سیشن جج کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔ ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری کو شدید زخمی حالت میں فوری طور پر نواب غوث بخش رئیسانی میموریل ہسپتال مستونگ منتقل کر دیا گیا۔

اہم خبریں سے مزید