کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈاکٹر اکاش قتل کیس میں گرفتار ملزمان مبینہ طور پر اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے،ملزمان کو نشاندہی پر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لئے گلشن معمار احمد بروہی گوٹھ لیجایا گیا تھا ۔ تفصیلات کے مطابق پولیس کے اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ کی جانب سے تھانہ فرئیر میں درج مقدمہ الزام نمبر 176/26 میں گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر احمد بروہی گوٹھ نادرن بائی پاس کے قریب چھاپہ مار کارروائی کی جہاں ملزمان کے ساتھیوں نے فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران نشاندہی پر ساتھ گئے تینوں ملزمان شدید زخمی ہوئے جو اسپتال پہنچنے سے قبل ہلاک ہوگئے جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔ چھیپا حکام کے مطابق ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو چھیپا ایمبولینسز کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ ادھرجوڈیشل مجسٹریٹ ساؤتھ کی عدالت میں تفتیشی افسر نے ڈاکٹر آکاش قتل کیس میں ملزمان کی ہلاکت سے متعلق اطلاعی رپورٹ جمع کرادی۔عدالت نے رپورٹ کو عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنا لیا،تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ سریش عرف ساگر، رام چند اور انیل اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں سے مارے گئے۔