کراچی (ٹی وی رپورٹ) عادل نجم (ڈین بوسٹن یونیورسٹی) نے کہا ہے کہ ٹرمپ کے حملے کی بات حقیقت بن سکتی ہے، باب المندب کی وجہ سے سعودی عرب بھی شامل ہوتا ہے تو جنگ کی نوعیت بدل جائیگی۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں نمائندہ جیو نیوز لاہور زاہد شیروانی نے بھی گفتگو کی۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام کے آغاز میں میزبان شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ امریکی صدر نے ایران پر بڑے حملوں کا عندیہ دے دیا ہے ٹرمپ نے کہا ہے وہ ایران کے خلاف بہت بڑے حملوں پر غور کر رہے ہیں اور فیصلہ لینے کے قریب ہیں اور امریکی فورسز اس کے لئے مکمل طو رپر تیار ہیں۔ دنیا بھر میں مہنگائی میں اضافہ اور معیشتوں کے سست ہونے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔