اسلام آباد (قاسم عباسی)صنفی تشدد کے 91 ہزار واقعات، 56 ہزار سے زائد مقدمات تاحال زیر التوا، رپورٹ؛ گھریلو تشدد سب سے بڑا جرم، 35 ہزار واقعات میں صرف 34 فیصد مقدمات نمٹائے گئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان فریڈم رپورٹ کے مطابق پاکستان میں صنفی بنیاد پر تشدد اور خواتین کے خلاف جرائم کے تقریباً 91 ہزار رپورٹ شدہ کیسز سامنے آئے، جن میں سے صرف 38 فیصد مقدمات نمٹائے جا سکے، جبکہ 56 ہزار 100 سے زائد کیسز اب بھی زیر التوا ہیں۔ ملک بھر کے شماریاتی اعداد و شمار کے مطابق، گھریلو تشدد اور شریک حیات یا قریبی ساتھی کی جانب سے کیے جانے والے تشدد کے واقعات سب سے زیادہ رہے، جن کے تقریباً 35 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے۔ ان میں سے تقریباً 12 ہزار مقدمات نمٹائے گئے، جبکہ لگ بھگ 23 ہزار کیسز اب بھی زیرالتوا ہیں، اور ان کے نمٹائے جانے کی شرح صرف 34 فیصد رہی۔